مصر: منشیات کیس میں ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت
عدالت نے ملزمان کو منشیات کی تیاری اور فروخت کے نیٹ ورک کا حصہ قرار دے دیا، 750 کلوگرام سے زائد منشیات اور خام مال برآمد ہوا

قاہرہ: مصر میں منشیات کے ایک مقدمے میں ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ نے اپنے خلاف عائد منشیات کے الزامات مسترد کیے ہیں، تاہم مصری عدالت نے قرار دیا کہ تمام ملزمان منشیات کی تیاری اور فروخت کے ایک نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 750 کلوگرام سے زائد منشیات اور منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال برآمد کیا گیا۔
سرکاری اخبار ’الاہرام‘ کے مطابق ملزمان ایک ایسے جرائم پیشہ گروہ کا حصہ تھے جو منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال اس مقصد سے درآمد کرتا تھا کہ اس سے منشیات تیار کرکے فروخت کی جائیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ حکام نے 750 کلوگرام سے زیادہ منشیات کے علاوہ منشیات تیار کرنے کے لیے درآمد کیا گیا خام مال بھی ضبط کیا تھا۔
الاہرام کے مطابق مقدمے میں 20 گواہوں نے استغاثہ کے سامنے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے، جبکہ الیکٹرانک شواہد میں گفتگو اور ویڈیو کلپس بھی شامل تھے۔
عدالت کے فیصلے کے خلاف سارہ خلیفہ سمیت تمام ملزمان کو اپیل کا حق حاصل ہے۔
