ثاقب چدھڑ کے مومنہ اقبال اور ان کی بہن پر سنگین الزامات

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی کا تفصیلی انٹرویو، مومنہ اقبال کے وکیل کی جانب سے 20 کروڑ روپے کے مطالبے کا بھی دعویٰ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ نے پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور ان کی بہن رمشا اقبال پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری قانونی تنازع میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔

مومنہ اقبال نے چند ماہ قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ثاقب چدھڑ کا نام سامنے آیا۔

اداکارہ نے معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) تک پہنچایا، جبکہ ثاقب چدھڑ نے بھی اپنا مؤقف حکام کے سامنے پیش کیا۔

اب ثاقب چدھڑ نے اپنے پہلے تفصیلی انٹرویو میں مومنہ اقبال اور ان کی بہن رمشا اقبال سے متعلق متعدد دعوے کیے ہیں۔

ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ وہ انہیں اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا لے کر گئے تھے اور وہاں اپنی سیکیورٹی کمپنی میں انہیں ملازمت بھی فراہم کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رمشا اقبال نے آسٹریلیا میں ان کے کاروباری پارٹنر کے خلاف مبینہ ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا اور ایک ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا، تاہم بعد ازاں یہ معاملہ ایک لاکھ 65 ہزار ڈالر میں طے پایا، جو مبینہ طور پر رمشا پاکستان لے کر آئیں۔

ثاقب چدھڑ نے الزام عائد کیا کہ دونوں بہنوں نے ان کے خلاف بھی اسی طرز عمل کو اختیار کرنے کی کوشش کی۔

ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کی ذاتی زندگی سے متعلق بھی دعویٰ کیا کہ اداکارہ جانتی تھیں کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور اس کے باوجود وہ ان کی دوسری بیوی بننے پر آمادہ تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں مومنہ اقبال کی 2018ء میں ہونے والی شادی اور بعد ازاں طلاق کے بارے میں علم نہیں تھا، تاہم بعد میں انہیں اس شادی کا علم ہوا اور وہ مومنہ کے پہلے شوہر کے بارے میں بھی جانتے تھے۔

ثاقب چدھڑ نے مزید دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے وکیل نے ان سے رابطہ کرکے 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان کے مطابق جب انہوں نے یہ رقم دینے سے انکار کیا تو انہیں 9 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی، جبکہ مومنہ اقبال کی جانب سے 11 کروڑ روپے میں معاملہ طے کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔

ثاقب چدھڑ نے اپنے دعوؤں کے ثبوت کے طور پر مومنہ اقبال کے وکیل سے ملاقات سے متعلق شواہد اور ایک مبینہ صلح نامہ بھی پیش کیا۔

Back to top button