بھارت میں خالصتان کیلئے ریفرنڈم کی کال پرسکیورٹی ہائی الرٹ

بھارت میں خالصتان کی حمایت میں ریفرنڈم کی کال پر سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ہماچل پردیش میں نو مئی پیر کی صبح ریاستی اسمبلی پر خالصتان کی حمایت میں پرچم لہراتے اور عمارت کی دیواروں پر ریفرنڈم کرانے کے حق میں بہت سے نعرے لکھے ہوئے دیکھے گئے۔
ریاستی حکومت نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی ریاست پنجاب کے شہر پٹیالہ میں بھی خالصتان کی حمایت اور اس کی مخالفت میں سخت گیر ہندوؤں اور سکھوں کے درمیان پر تشدد مظاہرے ہوئے تھے۔ بھارت میں سکھوں کا ایک گروپ اپنے لیے ایک علیحدہ ریاست ’خالصتان‘ کے قیام کی حمایت میں مہم چلاتا رہا ہے۔
