بھارت میں پھنسے 179 پاکستانی واہگہ کے راستے وطن واپس آگئے

کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت میں پھنسے 179 پاکستانی واہگہ بارڈرز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے۔
بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز نے پاکستانی شہریوں کو پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے پاک بھارت سرحد سیل کردی گئی تھی۔ پاکستانیوں کو وصول کرنے کےلیے پاکستان ہائی کمیشن، صوبائی محکمہ صحت اور لاہور کی ضلعی حکومت کے عہدیدار واہگہ بارڈر پر موجود تھے۔
اس حوالے سے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ان افراد کی واپسی کا معاملہ دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی حکومت کے سامنے اٹھایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر پاکستانی مدھیا پردیش، چھتیس گڑھ، دہلی، مہاراشٹرا، ہریانہ اور اتر پردیش میں پھنسے ہوئے تھے۔ ان میں سے کچھ پاکستانی بھارت میں موجود اپنے رشتہ داروں سے ملنے، کچھ علاج اور کچھ افراد مذہبی تقریبات میں شرکت کےلیے گئے تھے۔
اس حوالے سے 26 فروری کو 45 روزہ دورے پر بھارت پہنچنے والے میاں بیوی اور ایک بیٹی پر مشتمل خاندان نے بھارت سے واپسی پر صحافیوں کو بتایا کہ وہ کووِڈ 19 کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔ مارچ کے اوائل میں مذہبی یاترا کےلیے بھارت جانے والے سندھ سے تعلق رکھنے والے شہری مہیش کمار نے بتایا کہ وہ بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت میں پھنسے تھے۔
سرحد پر موجود محکمہ صحت کے عہدیداران نے وطن واپس لوٹنے والے پاکستانیوں کی اسکریننگ کی اور انہیں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کےلیے مختلف قرنطینہ مراکز لے جایا گیا۔ محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جن کا ٹیسٹ منفی آیا انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی جب کہ جن کا مثبت آیا انہیں ایس او پیز کے تحت 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
قبل ازیں بھارت میں کورونا وائرس کے وباء پھوٹنے کے بعد لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث وہاں پھنسے 193پاکستانی شہریوں کا ایک گروہ واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس آیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button