بھارت نے علیحدگی پسند سکھ رہنما کی جائیداد ضبط کرلی

 بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے علیحدگی پسند سکھ رہنما گُرپتونت سنگھ پنوں کی ریاست پنجاب میں جائیداد ضبط کرلی ہے۔

کینیڈا میں مقیم گُرپتونت سنگھ پنوں پیشہ ورانہ طور پر وکیل ہیں جوکہ بھارت میں دہشتگردی کے الزام میں مطلوب تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے علیحدگی پسند سکھ رہنما گُرپتونت سنگھ پنوں کی ضبط کی گئی جائیدادوں میں بھارت کی شمالی ریاست پنجاب میں واقع اُن کا ایک مکان اور زمین شامل ہے۔

بھارتی قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی عالمی دہشت گردی اور علیحدگی پسند نیٹ ورک کے خلاف بھارت کے کریک ڈاؤن میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے سکھ رہنما پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست پنجاب میں مقیم نوجوانوں کو بھارت کا امن و امان خراب کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

Back to top button