بینکوں کے لیے ہفتے کی چھٹی بحال کر دی گئی

ملک بھر میں اسٹیٹ بینک کے دفاتر اور بینکوں کے لیے ہفتے کی چھٹی بحال کردی گئی ہے، اسٹیٹ بینک ملازمین اور کمرشل و مائکرو فنانس بینکوں کے لیے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے دفاتر پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے شام 5:30 تک خدمات فراہم کریں گے۔
اسٹیٹ بینک کے دفاتر میں پیر تا جمعرات دوپہر1:30 سے 2:15 تک کھانے اور نماز کا وقفہ ہوگا، جمعہ کو اسٹیٹ بینک کے دفاتر صبح 9 سے شام 6 تک کھلے رہیں گے، ایک بجے تا ڈھائی بجے تک جمعہ کی نماز اور کھانے کا وقفہ ہوگا۔اسٹیٹ بینک کے دفاتر ہفتہ کو بند رہیں گے۔ بینک اور مالیاتی ادارے اپنے کاروباری تقاضوں اور اسٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے کاروباری اوقات مقرر کرسکتے ہیں۔
کمرشل اور مائیکروفنانس بینکس کاروباری مراکز، کمرشل سینٹر اور بڑے شہروں میں ہفتہ کو اپنی مخصوص شاخیں کھول سکتے ہیں، بندرگاہ اور کسٹم ہاؤس میں بینکوں کے بوتھ معمول کے مطابق 24 گھنٹے خدمات فراہم کریں گے۔
