تھرپارکر ، بدین میں بارشوں ، آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد جاں بحق
باران رحمت تھرپارکر اور بدین کے رہائشیوں کے لیے زحمت بن گئی ، دیواریں اور آسمانی بجلی گرنے سے بچوں سمیت 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
سندھ کے علاقے تھرپارکر میں تیز بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچے سمیت5 خواتین جان کی بازی ہار گئیں جبکہ 60 سے زائد بکریاں اور 3اونٹ بھی چل بسے ۔
مٹھی کے مقامی گاؤں سوبھارو شاہ میں خواتین کنویں سے پانی بھرنے گئیں تو آسمانی بجلی کی زد میں آ گئیں ، 40سالہ لالا بھیل اور 17 سالہ گڈی بھیل موقع پر دم توڑ گئیں ۔
اسلام کوٹ کے مقامی گاؤں کونبھاریو میں کھیتوں میں کام میں مصروف 28 سالہ مراداں سموں اور8 سالہ بچہ مزمل مومن سموں بھی آسمانی بجلی گرنے سے چل بسے جبکہ چھاچھرو کے گاوں پاڈیرال میں 17سالہ لڑکی کملاں بھیل بھی آسمانی بجلی کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گئی ۔
قدرت کے قہر سے جانور بھی محفوظ نہیں رہ سکے ، آسمانی بجلی گرنے سے مقامی تین گائوں میں 63 بھیڑ بکریاں اور 3 اونٹ بھی مر گئے ۔طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے ، کرنٹ لگنے اور دیوار کے نیچے دب کر 3 افراد جان کی بازی ہا رگئے اور 16 افراد زخمی ہوگئے ، نندو کے قریب موسیٰ خاصخیلی بس اسٹاپ پر بارش میں مسافر خانہ میں پناہ حاصل کرنیوالے 15 مسافر زخمی ہو گئے۔
گولارچی کے مقامی گائوں میں کرنٹ لگنے اور دیوار کے نیچے دب کر 2 بچیاں جان کی بازی ہار گئیں جبکہ اسی گائوں میں دیوار کے ملبے تلے دب کر محمد صدیق جتوئی کی 4 سالہ بچی سدرہ جاں بحق ہو گئی۔
