تیسراون ڈے:پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دیکر سیریز3-0 سے جیت لی

تیسرے اورآخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو9 رنزسے شکست دیگر سیریز3-0 سے جیت لی۔
روٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں 197 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ٹام کوپر 62 اور وکرم جیت سنگھ 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کیلئے ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق محض 2 رنز بناکروکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے فخر زمان کے ہمراہ 55 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم اوپنر 26 رنز بناکر لوگان وین بیک کا شکار ہوگئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے تاہم ان کے علاوہ کوئی بلےباز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ سلمان علی آغا 24، خوشدل شاہ 2، محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میزبان ٹیم نیدر لینڈز کی جانب سے کنگما، شارض احمد، لوگان وین بیک، آریان دت اور ٹام کوپر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دریں اثنا کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی آخری میچ جیت کر سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل کریں۔
تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے اسکواڈ میں چار تبدیلیاں کی ہیں، اوپنر امام الحق، نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان اور حارث رؤف کی جگہ عبداللہ شفیق، زاہد محمود، محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق آج نیدر لینڈز کیخلاف ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے 238ویں کرکٹر ہوں گے۔
قومی ٹیم کے سکواڈ میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم، شاہنواز دھانی، نسیم شاہ اور زاہد محمود شامل ہیں۔
