ثمینہ پیرزادہ کا بچوں کی دیکھ بھال کیلئے کم عمر آیا رکھنے والے والدین کو پیغام

پاکستان شوبزانڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اُن والدین کو ایک پیغام دیا ہے جواپنے بچوں کوسنبھالنے کے لیے کم عمرآیا رکھتے ہیں۔ ثمینہ پیرزادہ کو جہاں ان کی اداکاری کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے وہیں انہیں ان کے یوٹیوب کے ویب شو ’ریوائنڈ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں بطور میزبان بھی خوب پسند کیا جاتا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے یوٹیوب پرایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں اکثر ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے جاتی ہوں اوریہ دیکھتی ہوں کہ لوگ اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ ایک ننھی منی سی آیا ساتھ لے کرآتے ہیں جہاں وہ خود بیٹھ کرکھانا کھاتے ہیں اوروہ ننھی منی سی بچی ان کے بچے گود میں اٹھا کر ٹہلا رہی ہوتی ہے یا کسی میز پراکیلے بیٹھ جاتی ہے۔
ثمینہ پیرزادہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایسے والدین سے سوال کیا کہ آپ انہیں اپنے پاس کیوں نہیں بٹھاتے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اوّل تو چھوٹے بچوں کو کام پرنہیں رکھنا چاہیے، یہ غلط ہے، تہذیب کے خلاف ہے، انسانیت کے خلاف ہے اورقانون کے بھی خلاف ہے۔ان کا کہنا تھا 18سال سے کم عمرکے بچوں کو کام پرنہیں رکھنا چاہیے، اوریہ توبہت کم عمر 8 یا 9 سال کی بچیاں ہوتی ہیں توہرگزبھی نہیں، اوراگرآپ انہیں اپنے ساتھ لے بھی جاتے ہیں تو انہیں میزپراپنےساتھ بٹھا کر کھانا ہی کھلا دیا کریں، اس سے کیا ہو جائے گا۔ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ایسا مت کریں اپنے بچوں کو خود پالیں۔
ثمینہ پیرزادہ کی اس ویڈیو پرصارفین کی جانب سے بھی ملے جلے اندازمیں تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

