جنہیں مظاہرہ کرنا ہے شوق سے کریں

اپوزیشن جماعتوں پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ حکومت قتل و غارت نہیں چاہتی لیکن جنہیں مظاہرہ کرنا ہے وہ اپنا شوق پورا کر لیں۔

لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مہنگائی کی شدید لہرہے ، متوسط طبقہ شدید تکلیف میں ہے ، شوگر ملوں نے مسلم لیگ ن سے آخری دنوں میں 27 ارب کی سبسڈی لی ۔

شہباز گل نے اس موقع پر کہا کہ شوگر مافیا نے 9 سے 11 سال مسابقتی کمیشن میں اپنی مرضی کے لوگوں کو لگایا، ہم نے مسابقتی کمیشن کو مکمل آزاد کیا اور میرٹ پر بندے لگائے۔

شہباز گل نے کہا کہ 40 ارب روپے سے زائد کے جرمانے کئے تو شوگر ملزمالکان عدالتی حکم امتناعی لے آئے ، ان چوروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کی سالانہ ضرورت 60 لاکھ ٹن ہے، پچھلے سال چینی کم پیدا ہوئی لیکن اس سال 70 سے 72 لاکھ ٹن چینی پیدا کریں گے ، اکتوبر میں سندھ میں شوگر ملیں چینی کی پیداوار شروع کردیتی ہیں لیکن 3 شوگر ملوں کو سازش کے تحت بند کروا دیا گیا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اپنی سیاسی مفاد کے لئے چینی کے نام پر ملک دشمنی کی، سندھ والو‍‍ں اور کراچی والو‍ں سے دشمنی کی، اب جن ملوں کو اکتوبر میں چلنا تھا وہ اب نومبر میں چلیں گی۔اٹھارویں ترمیم کے بعد قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبوں کی ذمہ داری ہے اور اس پر سیاست کی گئی، سازش کے تحت بحران پیدا کرکے حکومت کے خلاف مارچ کا اعلان کیا گیا۔

Back to top button