حسان نیازی ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے

کوئٹہ کی مقامی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کو ایک روزہ راہدرای ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کردیا جس کے بعد پنجاب پولیس انہیں کوئٹہ سے حراست میں لے کر لاہور روانہ ہوگئی۔
کوئٹہ اور اسلام آباد کی عدالتوں نے گزشتہ روز حسان نیازی کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی تاہم اس کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے حکومت بلوچستان سے حسان نیازی کی حوالگی کی درخواست کے لیے مراسلہ لکھا تھا۔
آئی جی پولیس، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کو لکھے گئے مراسلہ میں محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا تھا کہ حسان نیازی لاہور پولیس کو مقدمہ نمبر 388/23 ریس کورس تھانہ کو مطلوب ہے، کوئٹہ میں درج مقدمہ میں ضمانت ہوتے ہی حسان نیازی کو لاہور پولیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر سید عدنان بخاری کے حوالے کیا جائے۔
اس مراسلے کے بعد آج لاہور تھانہ مزنگ کی پولیس حسان نیازی کو تحویل میں لینے کوئٹہ پہنچی، بعد ازاں اُن کو جو ڈیشل مجسٹریٹ 7 کی عدالت میں پیش کردیا گیا، کمرہ عدالت میں حسان نیازی کے ہمراہ پی ٹی آئی کے وکلا سمیت کارکنان بھی موجود تھے۔
بعد ازاں پنجاب پولیس حسان نیازی کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرکے انہیں ساتھ لے کر لاہور روانہ ہوگئی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو حسان نیازی کی باحفاظت لاہور منتقلی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’حسان نیازی کے کوئٹہ سے منتقلی کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں‘۔
اس موقع پر حسان نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ روز ضمانت کے بعد دوبارہ گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے، میرے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں نہیں زیور ہیں، لاہور میرا گھر ہے، پنجاب پولیس لے جارہی ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے‘۔
