محرم الحرام،سرکاری ملازمین ایک ساتھ 4تعطیلات کریں گے

محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کے باعث نئے اسلامی سال کا آغاز 17 جون کو ہوگا، جبکہ یومِ عاشور اب 26 جون بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس صورتحال کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کو مسلسل 4 روزہ تعطیلات میسر آئیں گی۔
یومِ عاشور کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سال 9 اور 10 محرم الحرام کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ ملک بھر میں مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔
چاند نظر نہ آنے کے بعد اب 9 محرم 25 جون بروز جمعرات جبکہ 10 محرم، یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ کو ہوگا۔
یومِ عاشور کی سرکاری تعطیلات کے فوراً بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی آ رہی ہیں، جس کے باعث سرکاری ملازمین کو مسلسل 4 دن کی تعطیلات سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل گیا ہے۔
دوسری جانب یومِ عاشور کے سلسلے میں ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
