کویت نے 15 سالہ ویزا پالیسی متعارف کرا دی

سرمایہ کاروں کے لیے خوشخبری، کویت نے 15 سالہ ویزا پالیسی متعارف کرا دی۔

کویت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ملک کو خطے میں سرمایہ کاری کے ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے کے لیے طویل مدتی رہائشی اجازت ناموں کی نئی اسکیم کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اہل غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ان کے اہل خانہ کو 15 سال تک کے رہائشی پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

نئی ویزا پالیسی کے تحت اہل غیر ملکی سرمایہ کاروں، ان کے قریبی خاندان کے افراد، تسلیم شدہ سینیئر ایگزیکٹوز اور کویت میں کام کرنے والے سرمایہ کاری اداروں سے وابستہ منظور شدہ شراکت داروں کو 15 سال تک کی مدت کے لیے رہائش کی اجازت دی جا سکے گی۔

کویتی حکام کے مطابق نئی ویزا سکیم کا مقصد ملک کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے خطے کی ایک نمایاں منزل بنانا اور عالمی سرمایہ کاروں کو طویل المدتی بنیادوں پر کویت میں کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سرمایہ کاروں کو زیادہ اعتماد اور استحکام فراہم کرے گا، جس کے ذریعے وہ کویت میں اپنے کاروبار کا آغاز کرنے یا اسے مزید وسعت دینے کے قابل ہوں گے، اس کے ساتھ ساتھ یہ پالیسی معیشت کو متنوع بنانے اور اعلیٰ معیار کی سرمایہ کاری کو ملک کی جانب راغب کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

Back to top button