حکومت اور عسکری قیادت ایک پیج پر،کوئی اختلاف نہیں

بالآخر وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور عسکری قیادت کے ایک پیج پر ہونے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفیکیشن کے معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے ، وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوٹیفیکیشن کا معاملہ افہام و تفہیم سے جلد حل ہو جائے گا.
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے تقرر سے معتلق نوٹی فکیشن میں تاخیر پر پیدا ہونے والے ابہام کو ’مسترد‘ کردیا گیا۔اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ ’ہم ایک پیج پر ہیں اور معاملہ خوش اسلوبی سے جلد حل ہوجائے گا‘۔
خیال رہےکہ وفاقی دارالحکومت ان دنوں وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے میں آنے والے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کے تقرر کا نوٹی فکیشن جاری کرنے میں تاخیر کے باعث شدید قیاس آرائیوں کی لپیٹ میں ہے۔اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر گفتگو ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اہم عہدوں پر تعیناتی کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے زور دیا کہ آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کے تقرر سے معتلق نوٹی فکیشن پر قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران معاملے کے متعلق سوال پر غیر مخصوص انداز میں واضح جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو ’سول ملٹری‘ معاملات پر بات کرنے کا اختیار ہے۔آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی کے تقرر کے معاملے کے علاوہ کابینہ اجلاس میں رحمت اللعالمینﷺ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے.
دریں اثنا لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تعیناتی نہ ہونے کے حوالے سے بھی تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں‌ ، گزشتہ روز وفاقی وزرا نے اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کی جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم ہی ہوں گے، وہ آئندہ ہفتے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن کل تک جاری کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تبادلوں اور تقرریاں کی گئی تھیں، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیاتھا۔کئی روز بعد بھی ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد یہ تاثر پیدا ہورہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ہی ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

Back to top button