حکومت نے طویل المدت عبوری سیٹ اپ کی پیشکش کی ہے

تحریک انصاف رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کو طویل المدت عبوری حکومت کی پیشکش کی ہے، ایسی کسی ماورائے آئین پیشکش کو قبول نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سیاسی بنیادوں پر تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے، جس طرح ان کی حکومت چل رہی ہے یہ ملک کے ساتھ زیادتی کی ہے ، طویل المدت عبوری حکومت کی قانون میں گنجائش ہی نہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات میں شامل ہوں، طویل المدت عبوری حکومت سے متعلق مجھ سے حکومتی ارکان نے غیررسمی بات کی ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ لانگ ٹرم عبوری حکومت کی تجویز تو غیر رسمی گفتگو میں کی تھی، باضابطہ طور پر ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔
