حکومت نے سلگتی ہوئی مہنگائی پر پٹرول بم چھڑک دیا

کپتان حکومت نے پہلے سے مہنگائی کی آگ میں جھلسنے والے پاکستانی عوام پر پٹرول بم پھینک دیا۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 6 روپے فی لیٹر تک اضافے کی منظوری دے دی گئی، پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے اضافے کی تجویز دی گئی لیکن اضافہ 5 روپے کا کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کا فیصلہ کر تے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پٹرول کی قیمت میں اضافے کا حیران کن فیصلہ کیا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں فی لیٹر پٹرول 1 روپے تک مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم حکومت نے 1 روپے کی بجائے 5 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 92 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 1 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ یوں پٹرول کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 120روپے 4 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 90 روپے 69 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 92 روپے 26 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ اعلان کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے وزارت پٹرولیم کو بھیجی گئی سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے دس روپے اور پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی ۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی ساڑھے پانچ روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موجودہ لیوی اور جی ایس ٹی کے مطابق تیار کی گئی، پٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس میں ردو بدل سے قیمتوں میں ردو بدل کی تجویز دی گئی۔

Back to top button