حکومت کا آئندہ بجٹ میں عوام پر اضافی ٹیکس لگانے پرغور

حکومت کا آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں صاحب ثروت طبقے پر کم از کم ایسٹ ٹیکس عائد کرنے اور بینکوں سے رقوم نکلوانے و بینکنگ ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس بحال کرنے سمیت زیادہ آمدنی رکھنے والے لوگوں اور کمپنیوں پر سپر ٹیکس برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ذرائع کے مطابق نان فائلرز کیلئے مزید گھیرا تنگ کرنے کیلئے ٹیکس شرح مزید بڑھانے اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر کییٹل ویلیو ایسٹ ٹیکس لگانے اور پرچون دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے فکس ٹیکس سکیم سمیت دیگر تجاویز زیر غور ہیں۔
ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی زیادہ آمدن والے افراد اور کمپنیوں پر سپر ٹیکس برقرار رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، ذرائع کے مطابق 15 سے 30 کروڑ یا زائد آمدن پر ایک سے 10 فیصد سپر ٹیکس لاگو رہے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ 15 کروڑ آمدن پر ایک فیصد، 20 کروڑ آمدن پر 2 فیصد سپر ٹیکس لیا جائے گا جبکہ 25 کروڑ کمانے والوں سے 3 فیصد کے حساب سے سپر ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
