ایشیا کپ؛ ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ کا منصوبہ جان پکڑنے لگا

یشیا کپ کے ’’ہائبرڈ ماڈل ‘’ کا منصوبہ جان پکڑنے لگا جب کہ بھارت نے آمادگی ظاہر کرنے کی صورت میں ورلڈکپ کیلیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اپنے ملک آنے کی یقین دہانی طلب کرلی۔
ایشیا کپ کا انعقاد رواں برس ستمبر میں پاک سرزمین پر ہونا ہے مگر ہمیشہ کی طرح بھارت نے دورے سے انکار کر دیا، میزبانی ہاتھ سے جاتے دیکھ کر پی سی بی نے ’’ہائبرڈ ماڈل ‘‘ کا فارمولہ پیش کیا جس کے تحت ابتدائی چار میچز پاکستان میں ہوں گے، پھر ٹیمیں بقیہ میچز کیلیے خصوصی طیارے کے ذریعے یو اے ای چلی جائیں گی،البتہ بھارتی بورڈ نے اس تجویز کا بھی مثبت جواب نہیں دیا تھا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق اب برف کچھ پگھلنے لگی،اعلیٰ حکام کو پیغام بھجوا دیا گیا کہ ٹھیک ہے ہم ہائبرڈ ماڈل کی تجویز مان لیتے ہیں جواب میں پاکستان بھی ورلڈکپ کیلیے بھارت آنے کی یقین دہانی کرائے، ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا،البتہ مثبت ردعمل سامنے آنا خارج از امکان نہیں ہے،گذشتہ روز چھٹی کے باوجود پی سی بی کے افسران ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے کسی ای میل کے منتظر رہے جو نہ آئی۔
