خام تیل کی خریداری پرروس کیساتھ بات چیت جاری ہے

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ پاکستان کی خام تیل کی خریداری پر روس کیساتھ بات چیت جاری ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 سے 8 نومبر تک کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کی اور وہاں ناروے اور مصر کے وزرائے اعظم کے ہمراہ ماحولیاتی تبدیلی پر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی، وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز اور کوششوں پر بھی بات کی گئی۔
انکا کہناتھا وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل سمیت متعدد راہنماؤں سے ملاقات کی،ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 9 سے 10 نومبر تک سعودی عرب کا دورہ کیا اور انہوں نے سعودی ۔ پاکستان سپریم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی، پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان بات چیت کی بحالی پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔
متاز زہرا بلوچ نے غیر ملکی شخصیات کے دوروں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی کمشنر برائے داخلہ یلوا جانسن نے دورہ پاکستان میں وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق سوالات پر کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے بارے میں دفتر خارجہ نے اعلان نہیں کیا تھا، تاہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں،دورہ متوقع ہے اور سعودی ولی عہد جلد ہی پاکستان کے دورے پر آئیں گے اور دونوں ممالک اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
انہوں نےکہاکہ کینیا میں ہمارے ہائی کمیشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور جسد خاکی واپس لانے میں فعال کردار ادا کیا اور دفتر خارجہ نے بھی بھرپور مدد فراہم کی،ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔
پاکستان کےبھارت کے ساتھ معاملات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بات چیت کے لیے بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لے،پاکستان کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل پر یقین رکھتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک غیر جانب دار استصواب رائے میں ہے، پاکستان 75 برس سے کشمیریوں کا بھارتی ریاستی جبر کے مقابلے میں ساتھ دے رہا ہے، بھارتی براہموس میزائل کے غلطی سے داغے جانے سے کوئی بڑا سانحہ بھی جنم لے سکتا تھا، ہم اس معاملے کو ہر اہم فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے، کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے ابھی تک مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہاافریقہ ایک اہم براعظم ہے اور پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہم نے اپنا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں کوپ 27، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دیگر فورم پر پیش کیا ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے سارا طریقہ کار کابینہ ڈویژن ہی طے کرتا ہے، سابق وزیر اعظم کی گھڑی کے معاملے پر کسی شکایت کے حوالے سے آگاہ نہیں ہیں،ایک اورسوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت حال میں پاکستان میں دہشت گردی کی دوبارہ بحالی کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک رہا ہے، جارجیا میں اسرائیلی شہری کے قتل کی سازش میں پاکستانی شہری کی گرفتاری کی خبریں دیکھی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی، تعمیرنو کے لیے ڈونرز کانفرنس جینیوا میں متوقع ہے اور اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
