سیہون:زائرین کی بس کو حادثہ،20 افراد جاں بحق

خیر پور سے سیہون آنے والی زائرین کی مسافر وین کو انڈس ہائی وے روڈ پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
سیہون کےا سسٹنٹ کمشنر اقبال حسین کے مطابق حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افرادمیں 8 خواتین، 6 بچیاں، 4 بچے ، دو مرد بھی شامل ہیں، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق انڈس ہائی وے روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب قلندرکے زائرین کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا ، خیرپور سےسہیون آنے والی مسافر وین انڈس ہائی وے روڈ کو لگائے گئے کٹ میں گر گئی، مسافر وین میں معصوم بچے اور خواتین سوار تھے،وین پانی میں گر گئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھاپانی کے کٹ سے 15 لاشیں نکال کر سیّد عبد اللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون منتقل کر دی ہیں، جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں کئی افراد زخمی ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی غفلت کے باعث دو ماہ سے کٹ بند نہیں ہوا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ منچھر جھیل کے سیلابی پانی کو دریائے سندھ میں اخراج کرنے کیلیئے 2 ماہ قبل انڈس ہائی وے روڈ کو کٹ لگایا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سدھ سید مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے جامشورو پولیس کو جائے وقوع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایات دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی جائے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا وین حادثہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا،انہوں نے سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی جبکہ ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
