دنیا افغانستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں کردار ادا کرے

وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دنیا کی توجہ افغانستان کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے سب کو مل کرکردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

افغانستان کی معاشی مشکلات پر وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا جس میں وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو کمیونسٹ پارٹی کی صد سالا تقریبات پر مبارکباد دی۔

پاکستانی وزیراعظم نے 4 دہائیوں کے دوران چین سے غربت کے خاتمے اور اصلاحات کو سراہا ، دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ امور اور شراکت داری کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا۔

ٹیلی فونک کال کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال بھی کیا گیا جبکہ عمران خان نے کرونا کیخلاف چینی اقدامات کی تعریف کی اور چین کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کے لئے انسداد کرونا امداد کو سراہا۔

چینی صدر اور وزیراعظم عمران خان نے باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جب کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل سے متعلق بھی خصوصی بات چیت کی ، وزیراعظم نے سی پیک کے اقتصادی زون میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت کی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہوگی۔

Back to top button