دنیا کے سب سے سستے اور مہنگے ترین شہر کونسے ہیں؟

سیاحت کے شوقین افراد کی ہمیشہ سے دلچسپی رہتی ہے کہ وہ دنیا کے سستے اور مہنگے ترین مقامات کا رخ کر سکیں، برطانوی میگزین نے ایسے ہی افراد کیلئے ایک فہرست جاری کی ہے جس میں دنیا کے سستے ترین اور مہنگے ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔اگر آپ کے پاس پیسے کم ہوں تو آپ سوچتے ہیں کہ ٹھہرنے کی جگہ پر کتنے پیسے خرچ ہوں گے، سواری اور کھانے پینے پر کتنے خرچ ہوں گے اور اگر شاپنگ کی جائے تو کتنے خرچ ہوں گے، دی اکانومسٹ کے مطابق ایشیا کا شہر سنگاپور رہائش کے اعتبار سے دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے اور وہ شہروں کی درجہ بندی اس بنیاد پر کرتا ہے کہ آپ ایک ڈالر میں کیا خرید سکتے ہیں۔اس لحاظ سے اگر دیکھیں تو مقامی کرنسی جتنی مضبوط ہوگی، اس ملک کے شہر اتنے ہی زیادہ مہنگے ہوں گے جبکہ اس کے برعکس مقامی کرنسی کے ڈالر کے مقابلے میں کمزور ہونے کے سبب وہاں کی رہائش بھی سستی ہوگی، س کا مطلب ہے کہ کرنسی جتنی مضبوط ہوگی، شہر اتنا ہی مہنگا ہوگا اور کرنسی جتنی کمزور ہوگی، ملک اتنا ہی سستا ہوگا۔لیکن سنگاپور کو جو چیز اس قدر مہنگی بناتی ہے وہ یہ ہے کہ اس میں کار خریدنے کے لیے ضروری سرٹیفکیٹ کی قیمت سر فہرست ہے، اکتوبر کے آغاز میں کار خریدنے کی سب سے سستی قیمت ایک لاکھ چھ ہزار امریکی ڈالر سے تجاوز کرگئی۔نسبتاً چھوٹا ہونے کے باوجود سنگاپور کو اکثر دنیا میں کروڑ پتیوں کی سب سے بڑی تعداد والے ممالک میں سے ایک کے طور پر شمار کیا جاتا ہے اور اسی وجہ سے یہ اپنی مہنگائی کے اعتبار سے شاذ و نادر ہی اپنے پہلے مقام سے گرتا ہے، گزشتہ 11 سال سے یہ مستقل دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہے۔سوئٹزرلینڈ کا سب سے بڑا شہر ہمیشہ سے مہنگا رہا ہے، خاص طور پر کھانے، گھریلو اشیا اور تفریح کے معاملے میں۔ زیورخ 2020 میں پہلی بار سنگاپور کے ساتھ آیا تھا۔ہانگ کانگ اور لاس اینجلس پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہے جبکہ فرانس کا دارالحکومت پیرس ساتویں نمبر پر ہے۔ ڈنمارک کا دارالحکومت کوپن ہیگن اور اسرائیلی شہر تل ابیب آٹھویں نمبر پر برابر ہے جبکہ دسویں نمبر پر سین فرانسسکو ہے۔اب جبکہ یہ پتا ہے کہ سستے شہر ان ممالک کے ہیں جہاں کی کرنسی کمزور ہے تو شاید اس میں برصغیر ہندوپاک کے شہر کا ہونا لازمی ہے، بہر حال دی اکانومسٹ کی حالیہ درجہ بندی میں سب سے سستا شہر شام کا دارالحکومت دمشق ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مقامی کرنسی کے لحاظ سے اس کی قیمتوں میں سالانہ 321 فیصد اضافہ ہوا ہے۔درجہ بندی میں سستے ترین شہروں میں ایران کا شہر تہران اور لیبیا کا شہر طرابلس دوسرے نمبر پر ہے، تہران میں افراط زر کی شرح تقریباً 49 فیصد بلند ہے جبکہ طرابلس میں قیمتیں پچھلے سال کے مقابلے میں صرف پانچ فیصد زیادہ بڑھی ہیں۔دی اکانومسٹ نے بتایا کہ تینوں شہروں میں خاص طور پر گروسری کے ساتھ ساتھ دیگر گھریلو اور ذاتی نگہداشت کی اشیاء بھی سستی ہیں، پاکستان کا شہر کراچی اس معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پانچویں نمبر پر ازبکستان کا شہر تاشقند ہے اور چھٹے نمبر پر تیونس کا شہر ٹیونیشیا ہے، انڈیا کا شہر احمدآباد اور چینئی آٹھویں اور دسویں نمبر پر ہے۔

Back to top button