دوسری شادی کرنے والے شہروز کی زبردست دھلائی

اداکار شہروز سبزواری کی ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کی تصاویر منظرِ عام پر آنے کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک گرما گرم بحث چھڑ گئی ہے اور عوام کی اکثریت نے ان دونوں کو شادی کی مبارک دینے کے بجائے ان پر تنقید کی بارش کردی ہے۔ جہاں لوگ شہروز پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ ان کی فوری دوسری شادی سے ثابت ہوگیا کہ ان کی سائرہ سے طلاق کی وجہ بھی صدف ہی تھی تو کچھ لوگ صدف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ہوم بریکر قرار دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی عوامی تنقید سے زچ ہوکر شہروز سبزواری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے خدا کی قسم اٹھا کر یہ دعوی کیا ہے کہ ان کی اور سائرہ کی طلاق کی وجہ صدف نہیں تھی بلکہ ان کا کوئی اور ذاتی مسئلہ تھا اور وہ کسی بھی صورت سائرہ کو طلاق نہیں دینا چاہتے تھے کیونکہ ان کی ایک چھوٹی سی بیٹی بھی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین شہروز کا رگڑا نکالتے ہوئے یہ سوال کررہے ہیں کہ اگر وہ واقعی سائرہ کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے تو پھر انہیں طلاق کیوں دی اور انہیں پھر دوسری شادی میں اتنی جلدی کس بات کی تھی۔
یاد ریے کہ صدف کنول شہروز سبزواری کی دوسری اہلیہ ہیں اور انھیں ماضی میں شہروز اور ان کی پہلی بیگم سائرہ یوسف کے درمیان علیحدگی کی وجہ قرار دیا جاتا رہا ہے اور شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد یہ بحث دوبارہ چھڑ گئی ہے۔ اس بحث میں جہاں شہروز اور صدف کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں سائرہ یوسف سے ہمدردی کا اظہار اور ان کے کردار کی تعریف بھی ہو رہی ہے۔
اسی دوران اب شہروز سبزواری نے ایک ویڈیو کے ذریعے انکے بارے میں ’افواہیں‘ پھیلانے اور ان کی دوسری شادی کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو چیلنج کیا ہے کہ وہ سامنے آئیں اور ثابت کریں کہ ان کی پہلی شادی کے خاتمے کی وجہ ان کی موجودہ بیگم تھیں۔ سائرہ اور شہروز کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور اگست 2019 میں اس جوڑے کے درمیان علیحدگی اور پھر طلاق ہو گئی تھی۔
سائرہ سے طلاق کے بعد شہروز نے صدف کنول سے حال ہی میں شادی کی ہے جس کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر انھیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں شہروز کا کہنا تھا کہ جو کچھ ان کے اور ان کے خاندان کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ ناقابلِ برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حلفاً کہتے ہیں کہ ان کی اور سائرہ کی علیحدگی کی وجہ کوئی بھی عورت بشمول ان کی دوسری بیگم صدف کنول یا ان کی پہلی بیگم سے بےوفائی نہیں تھی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ کھلاچیلنج دے رہے ہیں کہ جو بھی یہ کہتا ہے کہ انھوں نے کسی عورت کی وجہ سے اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دی تو وہ سامنے آئے اور ثبوت دے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اور سائرہ نے کوشش کی کہ ان کا رشتہ نہ ٹوٹے لیکن جس انتہائی ذاتی بات پر علیحدگی ہوئی تھی وہ معاملہ حل نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سائرہ کو طلاق نہیں دینا چاہتے تھے اس لیے سائرہ اور ان کا رشتہ مبارات یا خلع کے تحت بہت عزت و احترام کے ساتھ ختم ہوا۔
شہروز سبزواری نے خدا کی قسم اٹھا کر دعویٰ کیا کہ وہ صدف کنول سے سائرہ یوسف سے علیحدگی کے چار ماہ بعد ملے تھے۔ شہروز نے یہ بھی کہا کہ وہ یہ ویڈیو اپنی بیٹی کے لیے بنا رہے ہیں۔ ’شاید آج سے چار پانچ برس بعد وہ یہ سب دیکھے گی تو یہ میرا اس کے لیے جواب ہو گا۔‘ خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف ایک چھ سالہ بیٹی کے والدین ہیں۔
شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ’بہت لوگ چاہتے تھے کہ میں چپ رہوں لیکن آج کل چپ رہنے میں کچھ نہیں رکھا۔’اپنے پیغام کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ان افراد کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر تہمت لگائی ہے تو اپنے دعوے کو ثابت بھی کریں۔ تاحال شہروز کی دوسری شادی یا صدف کنول کے ان کی پہلی شادی کی ناکامی کی وجہ ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں سائرہ یوسف کی جانب سے کوئی ردعمل یا بیان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی صدف کنول نے اس سلسلے میں کوئی بات کی ہے۔
