رنبیر کپور کے ہم شکل جنید شاہ کا ہارٹ اٹیک سے انتقال

انڈین میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے ہم شکل کشمیری نوجوان جنید شاہ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ 28 سالہ جنید تقریباً ایک ماہ پہلے ہی ممبئی سے اپنے آبائی علاقے کشمیر واپس لوٹے تھے اور جمعرات کی رات ان کا انتقال ہوا۔
سوشل میڈیا پر صبح سے رنبیر کپور ٹرینڈ کر رہے ہیں اور اس ٹرینڈ میں یہی خبر شیئر کی جا رہی ہے۔ کشمیر کے معروف سینیئر صحافی یوسف جمیل نے اپنے پڑوسی نثار احمد شاہ کے بیٹے جنید کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اس کی تفصیل بتائی۔
انہوں نے لکھا کہ’ہمارے پرانے پڑوسی نثار احمد شاہ کے بیٹے جنید کی رات دل کا رودہ پڑنے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔ لوگ کہتے ہیں کہ وہ اداکار رنبیر کپور کے ہم شکل تھے۔ میرا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیمار والد اور ماں اور سارے کشمیر کے لیے بہت بڑی امید، طاقت اور نجات دہندہ تھے۔ مغفرت’
یوسف جمیل نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’جنید ایک ماہ قبل اپنے والدین کے ساتھ ممبئی سے واپس لوٹے تھے جہاں انہوں نے بالی وڈ اداکار انوپم کھیر کے اسکول آف ایکٹنگ میں داخلہ لے رکھا تھا۔ انہیں اس سے قبل دل کی کوئی تکلیف نہیں تھی۔‘
تصویر میں دونوں میں فرق کر پانا بہت مشکل ہے۔ جب لوگوں نے رنبیر کپور سے ان کی زبردست مشابہت کو دیکھا تو جنید راتوں رات پورے ملک میں مشہور ہو گئے۔ پہلی بار ان کی شکل میں مشابہت سنہ 2014 میں سامنے آئی تھی اور پھر اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر گردش کرنے لگی تھیں اور لوگ ان کی بے مثل شباہت پر گرما گرم بحث کرنے لگے تھے۔ ان دونوں میں اس قدر مشابہت تھی کہ رنبیر کپور کے والد رشی کپور نے بھی ایک بار دونوں کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’او میرے خدا۔ یہ میرے بیٹے کا جڑواں ہے۔ سچ کہتا ہوں فرق نہیں کر سکتا۔ ایک بہترین ہمشکل۔’
انہیں ابھی تو کوئی بڑا بریک نہیں ملا تھا لیکن وہ مختلف چینلز پر دیکھے جانے لگے تھے ان میں زوم ٹی وی، ایم ٹی وی اور زی ٹی وی وغیرہ شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر آج یعنی جمعے کو رنبیر کے ٹرینڈ کی دوسری وجہ ہدایت کار آر بالکی کا بیان ہے جس میں انھوں نے بالی وڈ میں اقربا پروری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور سے بہتر اداکار نظر نہیں آتا، اگر ہے تو کوئی بتائے اور وہ بحث کرنے کو تیار ہیں۔ اس بات پر بھی گرما گرم بحث چھڑی ہوئی ہے یہاں تک کہ ہدایت کار شیکھر کپور بھی اس بحث میں کود پڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button