رواں برس ریلیز ہونیوالی 5 بھارتی فلمیں کونسی ہیں؟

بالی ووڈ فلموں کی ایک کے بعد ایک ہٹ ہونے پر شائقین آئندہ فلموں کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، رواں برس بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بھی فلم ’’جوان‘‘ ریلیز ہونے جا رہی ہے جس میں وہ ڈبل رول ادا کر رہے ہیں۔آئیے جانتے ہیں رواں برس بالی وُڈ کی آنے والی پانچ بڑی فلمیں کون سی ہیں۔
’جوان‘ 2023 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی دوسری فلم ہوگی، اس فلم کا ٹریلر 12 جولائی کو ریلیز کیا جائے گا، جوان میں شاہ رخ خان ڈبل رول کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ بڑی سکرین پر جنوبی انڈیا کے اداکار وِجے سیتھو پاتھی اور نائینتھرا بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
جوان ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلم ہے جس کا ٹیزر گزشتہ سال ریلیز کیا گیا تھا۔جوان کی ہدایتکاری جنوبی انڈیا کے ہدایتکار ایٹلی کمار کر رہے ہیں۔ یہ فلم 7 ستمبر کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم ’’اینیمل‘‘ کا شمار بالی وُڈ کی آنے والی چند بڑی فلموں میں کیا جا رہا ہے، اینیمل رنبیر کپور کی فلم ہے جس کا پہلا ٹیزر 11 جون کو ٹی سیریز نے اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا تھا۔
اینیمل کے ٹیزر میں سنہرے رنگ کے ماسک پہنے ہوئے افراد جنہوں نے ہاتھوں میں کلہاڑیاں بھی اٹھائی ہوئی ہیں، انہیں دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران رنبیر کپور انٹری کرتے ہیں اور پھر ان کے اور ماسک والے افراد کے درمیان بھرپور ایکشن ہوتا ہے، سندیپ وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم یکم دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ہدایت کار کرن جوہر اپنی نئی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے ذریعے سات سال بعد بڑی سکرین پر واپس آ رہے ہیں، رومانس، کامیڈی اور جذبات سے بھرپور راکی اور رانی کی پریم کہانی کا ٹریلر منگل کو ریلیز کیا گیا ہے۔
اس فلم میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ کاسٹ میں دھرمندر، شبانہ اعظمی اور جیا بچن بھی شامل ہیں، فلم کا ٹریلر تین منٹ کے دورانیے سے زائد کا ہے جس کا آغاز عالیہ بھٹ (رانی چیٹر جی) اور رنویر سنگھ (راکی رندھاوا) کے درمیان کار ایکسیڈنٹ کے بعد بحث مباحثے سے ہوتا ہے تاہم دونوں کی بعد میں دوستی ہو جاتی ہے جو کہ افیئر میں بدل جاتی ہے۔
راکی اور رانی شادی کرنے سے پہلے تین تین ماہ ایک دوسرے کے گھر گزارنے کا فیصلہ کرتے ہیں جہاں انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ فلم 28 جولائی کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ڈنکی رواں برس شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی تیسری فلم ہوگی، یہ فلم غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے یعنی ڈنکی کے موضوع پر مبنی ہے، اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ تاپسی پنوں لیڈ کاسٹ میں جلوہ گر ہوں گی، ڈنکی 22 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی، یہ شاہ رخ خان کی ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔
غدر 2 رواں برس ریلیز ہونے والی ایک اور بڑی ہندی فلم ہے، یہ فلم 2001 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’غدر، اک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ہے، غدر 2 کا ٹیزر 12 جون کو ریلیز کیا گیا تھا جس کے مطابق فلم میں 1971 کے پس منظر میں پاکستان کے شہر لاہور کو دکھایا گیا ہے جہاں انڈیا مخالف مظاہرے چل رہے ہوتے ہیں۔ان مظاہروں کے دوران سنی دیول (تارا سنگھ) بس سے نیچے اتر کر آتا ہے اور مظاہرین سے مقابلہ کرتا ہے۔
11 اگست کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں سنی دیول کے ساتھ مرکزی کردار امیشا پٹیل کر رہی ہیں جبکہ فلم کی کاسٹ میں اُتکرش شرما، منیش وَدھوا، گوروؤ چوپڑا اور لوو سنہا شامل ہیں، 22 برس قبل غدر ایک پریم کتھا کی ہدایت کاری کرنے والے انیل شرما نے غدر ٹو کو ڈائریکٹ کیا ہے۔
