سائفر کیس:عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے، عدالت نے دلائل کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال کی سزا کے بعد لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انہیں اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا، بعد ازاں ایف آئی اے نے بھی 19 اگست کو سائفر کیس میں ان کو گرفتار کر لیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل عدالت کی سزا معطل ہونے کے باوجود سابق وزیرِ اعظم کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی تھی کیونکہ ان پر سائفر گمشدگی کا کیس بھی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی اسپیشل عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کر رہے ہیں۔

Back to top button