مریم نوازکی ہدایت پر2مریض بچے ایئرایمبولینس پرچلاس سے لاہورمنتقل

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گلگت بلتستان کے ضلع چلاس سے تعلق رکھنے والے 2 مریض بچوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل کردیا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق چلاس سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ ثنااللہ اور 14 سالہ عطااللہ موروثی گردوں کی بیماری میں مبتلا ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے حکم پر ریسکیو 1122 کی 2 گاڑیاں خصوصی طور پر چلاس روانہ کی گئیں تاکہ دونوں بچوں کو فوری طور پر ریسکیو کیا جا سکے۔
بعد ازاں دونوں مریض بچوں کو مکمل نگہداشت کے ساتھ لاہور کے پی کے ایل آئی منتقل کردیا گیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق پی کے ایل آئی میں ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم دونوں بچوں کا مکمل علاج اور نگہداشت کرے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن عوام کی بلا تفریق خدمت ہے، اور چلاس کے بچوں کی ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقلی اسی وژن کا عملی اظہار ہے۔
انہوں نے کہاکہ مریم نواز انسانیت کی خدمت کو سیاست سے بالا تر رکھتی ہیں اور حکومت اسی جذبے کے تحت عوامی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔
