فلورملزنےبراہ راست گندم درآمدکی اجازت مانگ لی

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے عوام کو سستا آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فلور ملوں کو براہ راست گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین عبدالجنید عزیز نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے توسط سے ابتدائی طور پر 10لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ٹی سی پی کے ذریعے درآمدات اور ترسیل میں سبسڈی شامل ہونے سے کرپشن کے خطرات بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان خدشات کو دور کرنے اور صحت مند مسابقت کے لیے حکومت ڈی ریگولیشن، اوپن مارکیٹ میکنزم کے تحت فلور ملوں کو براہ راست گندم درآمد کرنے کی فوری اجازت دے۔
انہوں نے بتایا ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت اور متعلقہ اداروں کو دو ماہ قبل ہی گندم کی پیداوار کم ہونے سے متعلق آگاہی دیدی گئی تھی لیکن اس آگاہی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
چیئرمین فلور ملز کے مطابق دو ماہ قبل اگر پالیسی ساز توجہ دیتے تو جنگ بندی کے دوران روس اور یوکرین سے کم داموں اور سستی لاگت پر آبنائے ہرمز کے ذریعے ملک میں گندم کی درآمدات ممکن تھی جو اب آسٹریلیا، رومانیہ اور کینیڈا سے مہنگی قیمت اور لاگت پر درآمد کرنا پڑے گی۔
