مریم نوازکاآزادکشمیر کوبسوں کاتحفہ،پی پی کاالیکشن کمیشن سےرجوع

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے آزاد کشمیر کو 10 الیکٹرک بسیں دینے کے اعلان پر پاکستان پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر سے رجوع کر لیا۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل سے ملاقات کی اور مریم نواز کی تصاویر کے ساتھ آزاد کشمیر کو فراہم کی گئی الیکٹرک بسوں کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
نیئر بخاری نے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد عوامی وسائل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز کی تصویروں والی الیکٹرک بسوں کوآزاد کشمیر کو دینے کے عمل کو سیاسی رشوت سمجتھی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن پنجاب کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال کرکے آزاد کشمیر کے انتخابات خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔
نیئر بخاری نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ بسیں ذاتی فنڈز سے خریدی گئی ہیں جو ان پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں؟، جبکہ سرکاری وسائل کو کسی سیاسی شخصیت کی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
