پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کااعلان

ملک  میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 27 جولائی تک برقرار  رہیں گی۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق 27 جولائی تک پیٹرول کی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر برقرار رہےگی۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہےکہ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 46 پیسے بھی27 جولائی تک برقرار رہےگی۔

ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 301 روپے 14 پیسے فی لیٹر27 جولائی تک برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیے جانے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 17 جولائی سے 25 جولائی کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے 16 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔

حکومت نے 18 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔

اس کے بعد 21 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا کیا گیا، تاہم اسی روز ڈیزل کی قیمت میں مزید 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

22جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کو پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کر دیا گیا۔

اسی طرح 24 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ بعد ازاں 25 جولائی کے لیے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 3 روپے 66 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کردیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 310 روپے 71 پیسے تھی، جو 25 جولائی تک بڑھ کر 335 روپے 18 پیسے ہو گئی۔

اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل، جو 17 جولائی کو 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا، 25 جولائی کو اس کی قیمت بڑھ کر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں مسلسل ردوبدل سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوگا بلکہ اشیائے خور و نوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

 

 

Back to top button