پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال:این ڈی ایم اےنےالرٹ جاری کردیا

مون سون کی شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال،این ڈی ایم اے نے 24گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیئے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹرنے ملک میں دریاؤں اور ندی نالوں میں جاری بہاؤ کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ پلکھو نالہ وزیرآباد میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب میں مرالہ اور تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر کم درجے کے سیلاب کی صورتحال موجود ہے۔ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالے تاحال معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریائے چناب کے تریموں بیراج پر آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچنے کا امکان ہے۔

آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں، خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ گجرانوالہ، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

 

 

 

Back to top button