ساحر علی بگا کا اداکارہ مہوش حیات کو گلوکاری کا مشورہ

معروف پاکستانی گلوکار ساحر علی بگا نے اداکارہ محوش حیات کی آواز کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے انہیں گلوکاری کا مشورہ دے دیا، مہوش حیات ماضی میں میوزیکل شو ’کوک اسٹوڈیو‘ کے نویں سیزن میں 2016 میں اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں، علاوہ ازیں وہ امریکا سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے کنسرٹس میں بھی گلوکاری کر چکی ہیں۔
مہوش حیات نے کوک اسٹوڈیو میں معروف گلوکار شیراز اُپل سمیت دیگر کے ہمراہ ’تو ہی تو‘ گانے میں آواز کا جادو جگایا تھا اور ان کی گلوکاری کو سراہا گیا تھا، اب موسیقار ساحر علی بگا نے بھی ان کی آواز کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں تجویز دی ہے کہ اداکارہ کو گلوکاری میں قسمت آزمانی کرنی چاہئے۔
ساحر علی بگا ’حد کردی‘ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے میوزک کیریئر سمیت دیگر معاملات پر بات کی اور بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں وہ خود کو بہت بڑا موسیقار اور گلوکار سمجھتے تھے لیکن جب انہوں نے بڑے بڑے موسیقاروں کے ساتھ کام کیا تو انہیں احساس ہوا کہ وہ کچھ بھی نہیں۔
گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے 17 سال قبل اپنے پہلے گانے کی موسیقی ترتیب دی تھی اور اب تک وہ درجنوں گانوں کی دھنیں بنا چکے ہیں اور ان کی دھنوں کو معروف گلوکار گا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہیں گھر والے موسیقار نہیں سمجھتے جبکہ اہلیہ کے ناراض ہونے پر انہیں کوئی گانا یا موسیقی سنا کر منانے کی کوشش نہیں کرتے کیوںکہ وہ ٹھیک طرح سے جانتے ہیں کہ گھر میں میوزک سے کچھ نہیں ہونے والا۔
ساحر علی بگا نے تنازعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آگے تنازعات اہمیت نہیں رکھتے، کیوںکہ وہ فالتو اور بیکار ہوتے ہیں، شوبز اور میوزک انڈسٹری میں تمام مرد و خواتین ساتھی کے طور پر کام کرتے ہیں اور وہاں تنازعات نہیں ہوتے لیکن دوسرے لوگ تنازعات پیدا کرتے ہیں۔
پروگرام کے دوران ماہرہ خان اور مہوش حیات کی گلوکاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آج تک ماہرہ خان کو گاتے ہوئے نہیں سنا اور انہیں ان کی گلوکاری سے متعلق کچھ علم نہیں۔
ساحر علی بگا کا کہنا تھا کہ البتہ انہوں نے مہوش حیات کی گلوکاری سن رکھی ہے، ان کی آواز اچھی ہے اور انہیں گلوکاری کرنی چاہئے، ایک اور سوال کے جواب میں ساحر علی بگا کا کہنا تھا کہ ان کے گلوکار جواد احمد اور ابرارالحق کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن ان کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق ہے نہ مستقبل میں کسی جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
