حکومت ناکام ہو گئی، عوام کا پیسہ کپتان کی اے ٹی ایم کھا گئی

ایل این جی کیس میں نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھا گئی ہے، حکومت میں جو مرضی تبدیلی لے آئیں اب بہتری نہیں آئے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ چوروں کی حکومت ہے جو عوام کو لوٹ رہی ہے چینی کی قیمت 100 روپے پر پہنچنے والی ہے یہ عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھارہی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے سابق وزیراعظم کو عدالت میں پیش کیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست میں کہا گیا کہ شاہد خاقان عباسی کو ابھی تک ریفرنس کی نقول نہیں ملیں، ہم ریفرنس اور ملزمان کےلیے ریفرنس کی نقول جمع کراچکے ہیں، اگر شاہد خاقان چاہیں تو عدالت سے اجازت لے کر ریفرنس کی نقل لے سکتے ہیں۔ دورانِ سماعت جج اعظم خان نے ریمارکس دیے کچھ ملزمان نےحاضری یقینی بنانے کےلیے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے، عدالت نے ملزمان کوحاضری یقینی بنانے کےلیے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانےکا حکم دیا تھا۔ عدالت نے کیس کی مختصر سماعت کے بعد شاہد خاقان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام گھبرائے نہیں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، حکومت آج سے نہیں جب سے آئی ہے تب سے ناکام ہے. انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں آج آٹے اور چینی کی قیمتیں دیکھیں، یوٹرن کو چھوڑیں آٹا اور چینی سستی کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز پاکستان کی عوام سے 2 ارب روپے لوٹے جا رہے ہیں، عمران خان اور عثمان بزدار بتائیں کہ عوام کو کون لوٹ رہا ہے، عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھا گئی ہے. انھوں نے مزید کہا کہ حکومت میں جو مرضی تبدیلی لے آئیں اب بہتری نہیں آئے گی، چینی 100 روپے پر پہنچنے لگی ہے،کون کھارہا ہے، سب کو پتہ ہے، یہ پیسہ اے ٹی ایم کھارہی ہے۔ مہنگائی پر کوئی پوچھنے والا نہیں، لوگوں نے تبدیلی کے اثرات دیکھ لیے.انھوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت تو ختم ہو چکی ہے، ایک جنازہ رکھا ہوا ہے جب مرضی پڑھ لے
