سدھو موسے والا کے والد نے افواہوں کی تردید کر دی

بھارتی پنجاب کے معروف آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے اہلیہ کے حاملہ ہونے کی افواہیں پھیلنے کے بعد ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسی کوئی خبر ہوئی تو وہ اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ سے لوگوں کو خود آگاہ کر دیں گے۔ موسے والا کے والدین کے ہاں اگلے ماہ بچے کی پیدائش کی خبریں سامنے آنے کے بعد گلوکار کے والد کی پوسٹ نے مداحوں کو تذبذب میں ڈال دیا، گلوکار کے والد کی پوسٹ سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کہ آیا کیا واقعی سدھو کی والدہ کے حاملہ ہونے کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں؟ بھارتی میڈیا پر سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ کی پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ’ہم سدھو کے مداحوں کے شکر گزار ہیں جو ہمارے خاندان کیلئے فکر مند ہیں۔ بلکور سنگھ نے اپنی پوسٹ میں اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارےخاندان سے متعلق بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں، ان پر یقین نہیں کیا جائے جو بھی خبر ہوگی خاندان آپ سب کے ساتھ شیئر کرے گا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی میڈیا پر سدھو کے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا تھا کہ سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور حمل سے ہیں اور اگلے ماہ ان کے گھر میں ننھے مہمان کی آمد ہو جائے گی جبکہ سدھو موسے والا کی والدہ 58 اور والد 60 سال کے ہیں۔خیال رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ نہ وہ اپنی بلٹ پروف گاڑی میں تھے اور نہ ہی ان کے سکیورٹی کمانڈوز ان کے ہمراہ تھے۔پولیس کی جانب سے عدالت میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ گولڈی برار سدھو موسے والا قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔سدھو قتل کیس میں گرفتار دو ملزموں کو جیل میں ہی موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

Back to top button