’’سشمیتا ڈاکٹروں کی تسلی کے باوجود ہارٹ اٹیک کا شکار کیسے ہوئیں‘‘

بالی ووڈ سٹار سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ چھ ماہ قبل مکمل میڈیکل ٹیسٹ اور ڈاکٹروں کی تسلی کے بعد بھی شدید ترین ہارٹ اٹیک ہوا جس سے میں حیران رہ گئی، اداکارہ کے مطابق انھوں نے ٹیسٹ کے دوران جسمانی صحت کی اچھی طرح تسلی کی تھی۔سشمیتاسین نے مارچ 2023 میں والد کے ہمراہ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کچھ دن قبل انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد ان کی اینجیو پلاسٹی کر دی گئی اور اب وہ بہتر ہیں، اپنی بیماری سے متعلق انکشاف کے بعد بالی ووڈ شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔اس سے قبل نومبر 2021 میں بھی انہوں نے انکشاف کیا کہ سرجری کروائی ہے، تاہم اس وقت انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے کس چیز کا آپریشن کروایا، اور اب انہوں نے پہلی بار اپنے امراض قلب سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح تسلی کرنے کے بعد انہیں شدید ہارٹ اٹیک ہوا، حال ہی میں سشمیتاسین نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ دل کا دورہ پڑنے سے 6 ماہ قبل ہی انہوں نے اپنا مکمل چیک اپ کروایا تھا۔اداکارہ کے مطابق چوںکہ ان کے والدین عارضہ قلب کے مریض رہے ہیں اور ان کے خاندان میں دل کی بیماری خاندانی ہے، اس لیے وہ ہر 6 ماہ اپنا مکمل چیک اپ کرواتی رہتی ہیں، اسی طرح انہوں نے معمول کے مطابق اپنے دل سمیت دوسری صحت کا مکمل چیک اپ کروایا تھا اور ڈاکٹرز نے بھی انہیں ہر طرح کی بیماری سے پاک ہونے کی تسلی دی تھی۔سشمیتاسین کے مطابق مکمل چیک اپ کروانے اور ڈاکٹروں کی تسلی ملنے کے باوجود انہیں شدید ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں نئی زندگی ملی، انہوں نے زندگی کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کچھ پتا نہیں ہوتا کہ اگلے لمحے ان کے ساتھ کیا ہونا ہے، مداحوں اور دوسرے افراد کو بھی معمول کے مطابق اپنے میڈیکل چیک اپ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنے کی تلقین کی۔سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 50 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں، اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، سٹار سکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے، اداکارہ نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں، اداکارہ نے اگرچہ شادی نہیں کی، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، سب سے پہلے 2000 میں ایک بچی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا تھا۔
