بنوں پولیس چوکی پر خودکش دھماکے کےشہدا کی تعداد 15تک پہنچ گئی

بنوں میں رات گئے دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں اب تک شہید اہلکاروں کی تعداد 15 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق تین اہلکاروں کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
شہداء میں رحمت ایاز، ثناء اللہ، نیاز علی، صحیب، سعداللہ، کامران ولد محمود خان، نعمت اللہ، کامران، عابد جانی، عمران، نعیم اللہ، صدیق اللہ، میر عالم خان، راحت اللہ خان اور فاروق داد شامل ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے رات گئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی بنوں ریجن نے کہا کہ بنوں پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
ڈی آئی جی بنوں کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردوں کی آخری بزدلانہ کارروائی ثابت ہوگی، بنوں پولیس دہشت گردوں کو چن چن کر انجام تک پہنچائے گی اور علاقے سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
