جنگ کےخاتمےکی امریکی تجویز پرجواب پاکستان کے ذریعےبھجوادیا،ایران

ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہےکہ جنگ کےخاتمےکی امریکی تجویز پر ایران کا جواب پاکستان کےذریعےبھیج دیاگیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مجوزہ منصوبے کے مطابق اس مرحلے پر مذاکرات جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہوں گے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے جواب میں جنگ کےخاتمے، خلیج و آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی سلامتی پر توجہ دی گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہےکہ پاکستانی حکام نے بھی تصدیق کی ہےکہ انہیں ایران کا جواب موصول ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ممالک امریکا کی ایران پر عائد پابندیوں کو نافذ کریں گے، انہیں آبنائے ہرمزسے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے کہا کہ جنگ میں دشمن اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہوا اور ایرانی نظام کے سیاسی توازن کو بھی نقصان نہیں پہنچا بلکہ ملک کے اندر اتحاد اور یکجہتی میں اضافہ ہوا ہے، جس کا مظاہرہ آج بھی عوام کی سڑکوں پر موجودگی سے دیکھا جا سکتا ہے۔
