سلمان خان کا زہریلے سانپ سے خود پنگا لینے کا انکشاف


بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ جس سانپ نے انہیں ڈسا اس سے پنگا انہوں نے خود لیا تھا لہذا اس کی قیمت بھی ادا کرنا پڑی۔ بھارتی میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ 25 دسمبر کی رات وہ اپنے فارم ہاؤس پر دوستوں کے ساتھ موجود تھے جب انہیں اپنے لان میں ایک سانپ نظر آیا۔ انہوں نے اسکا پیچھا کر کے بڑے پیار و چاہ سے سانپ کو ہاتھ میں اٹھایا مگر اس ظالم نے پیار کا جواب پیار سے دینے کی بجائے الٹا انہیں ہی ڈس لیا۔
یادرہے کہ سلمان خان کو 25 دسمبر کو رات دیر گئے سانپ نے ان کے فارم ہاؤس پر کاٹا تھا۔ پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ لان میں بیٹھے تھے جب اچانک ایک سانپ نے ان کے ہاتھ پر ڈس لیا۔ لیکن اب انہوں نے سانپ کے کاٹنے کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ہی سانپ کو ڈسنے کی راہ دکھائی۔ اس حوالے سے سلمان خان کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں وہ سانپ کے ڈسنے کی تفصیلات بتاتے دکھائی دیے۔
حال ہی میں اپنی برسوں پرانی محبت کترینہ کیف کی شادی کا غم سہنے والے سلمان نے بتایا کہ وہ اپنے رشتے داروں کے ساتھ ممبئی کے قریبی شہر پنویل میں اپنے فارم ہاؤس پر موجود تھے کہ انہیں وہاں لان میں ایک چھوٹا سانپ نظر آیا، جسے دیکھ کر بچے ڈر گئے مگر انہوں نے اسے آگے بڑھ کر اٹھا لیا۔ سلمان خان نے بتایا کہ بچوں کے ڈرنے کے بعد انہوں نے ان کا اعتماد بحال کرنے کی خاطر لکڑی کے ایک ٹکڑے سے سانپ کو اٹھایا تاکہ اس کے ساتھ لاڈ پیار کیا جا سکے۔ لیکن وہ ظالم لکڑی پر چڑھتے چڑھتے ان کے ہاتھ تک پہنچ گیا۔ سلمان نے بتایا کیا کہ جب سانپ ان کے ہاتھوں تک پہنچا تو انہوں نے اسے بڑے پیار سے دوسرے ہاتھ میں اٹھا لیا۔ تب وہاں موجود بچوں نے شور مچا دیا لہذا سانپ گھبرا گیا اور ادے یاد آیا کہ اسنے مجھے کاٹنا بھی ہے۔ سلمان خان کے مطابق سانپ نے ایک مرتبہ انہیں ڈسا تو بچوں نے گھبرا کر اور شور مچایا جس کے بعد اس نے انہیں دوبارہ ڈس لیا۔
اپی ویڈیو میں سلمان خان نے بتایا کہ وہ چھوٹا مگر زہریلا سانپ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ انکا فارم ہاؤس ایک جنگل میں واقع ہے اور وہیں سے سانپ آیا۔ خیال رہے کہ سلمان خان کو 25 دسمبر کی شب رات تین بجے کے بعد سانپ نے کاٹا تھا، جس کے بعد انہیں ممبئی کے ایک نجی ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ سلمان خان کو کچھ گھنٹوں تک ہسپتال میں رکھنے کے بعد انہیں گھر جانے کی چھٹی دے دی گئی تھی۔ تاہم طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد 27 دسمبر کے روز سلمان خان نے اپنے فارم ہاؤس پر اپنی 56ویں سالگرہ بھی منائی۔

Back to top button