سندھ میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ

سندھ کابینہ نے کووڈ 19 کی بگڑھتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کےلیے آرمی کی خدمات لینے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سندھ (ریپیل آف پولیس ایکٹ 1861 اینڈ ریوائیول آف پولیس آرڈر 2002) ترمیمی ایکٹ 2019 میں ترمیی تجاویز کی بھی منظوری دے دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ترمیم کے تحت پولیس میں شہید، فوت اور مستقل طور پر معذوری کوٹہ کو قانونی تحفظ دیا گیا ہے۔ عبد الرشید چنا کے مطابق کابینہ نے ترمیم منظوری کرکے اسمبلی بھیج دی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیوٹی کے دوران اگر کوئی سرکاری ملازم کووڈ کی وجہ سے انتقال کر جاتا ہے تو حکومت اس کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دے گی۔ عبدالرشید چنا کے مطابق یہ معاوضہ کنٹریکٹ ملازمین کےلیے بھی ہوگا۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر اور وبا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کےلیے مختلف شہروں میں فوجی دستے تعینات ہوچکے ہیں۔ اس ضمن میں پہلا بیان 24 اپریل کو وزیر اعظم عمران خان نے دیا تھا کہ عوام میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کےلیے میں نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔ 25 اپریل کو وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کےلیے صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔ 27 اپریل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ آج صبح 6 بجے سے ملک کے طول و عرض میں ہر ضلعے کی سطح پر فوج کے جوان سول اداروں کی مدد کےلیے پہنچ چکے ہیں، آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں ہر انتظامی ڈویژن کی سطح پر ایک ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان 16 شہروں میں اس ہی مناسبت سے پاکستان آرمی کی تعیناتی کردی گئی ہے۔ کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کےلیے بنی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 4 ہزار 487 افراد کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا 142 مریض انتقال کر گئے۔ کورونا وائرس کی صورت حال پر بات کی جائے تو ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں بھی کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 727 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 272 ہو گئی ہے۔ صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 605 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں ملک میں 8 سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی عائد کردی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے آج ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے حوالے سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ اعتکاف، شب قدر، جمعۃ الوداع اور نماز عید کےلیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) بروقت جاری کیے جائیں گے۔ ملک میں 8 سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی رہے گی، عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔ علاوہ ازیں صوبائی کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ پولیس میں 24 ملازمین کووڈ کی وجہ سے انتقال کرگئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button