سینیٹر شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

خیبر پختونخوا سے سینیٹر منتخب ہونے والے شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران صدر مملکت عارف علوی نے شوکت ترین سے حلف لیا۔
20 دسمبر کو خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی نشست پر الیکشن ہوئے جس میں کُل 122 ووٹ کاسٹ کیے گئے ان میں سے 9 ووٹ مسترد کر دیے گئے تھے۔
113 ووٹوں میں سے 87 ووٹ لے کر شوکت ترین سینیٹر منتخب ہوئے تھے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار شوکت امیرزادہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدواروں ظاہر شاہ 13، 13 ووٹ حاصل کر پائے۔
مشیر خزانہ رہنے والے شوکت ترین نے 24 دسمبر سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر کی حیثیت سے حلف اُٹھایا،
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ایوب آفریدی نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد مشیر خزانہ شوکت ترین کے لیے سینیٹر بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔
حکومت نے مشیر خزانہ شوکت ترین کو پنجاب یا خیبر پختونخوا سے بطور سینیٹر منتخب کرانے کی حکمت عملی اپنا رکھی تھی تاکہ مارکیٹوں میں تسلسل و استحکام برقرار رہے اور شوکت ترین عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام کی بحالی سے متعلق امور میں کردار ادا کر سکیں۔
18 اکتوبر کو سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر خزانہ مقرر کر دیا گیا تھا جبکہ انہوں نے 17 اپریل 2021 کو وفاقی وزیر خزانہ کا حلف اُٹھایا تھا۔

Back to top button