سی ٹی ڈی نے چینی قافلے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی

انسداد دہشتگردی فورس اور پولیس نے تربت میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو نشانہ بنانے کیلئے تیار کی گئی خاتون خودکش بمبار کو حراست میں لے لیا ہے، تربت سی ٹی ڈی اور وومن پولیس نے خفیہ اطلاع پر خوشاب میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے، دہشت گردوں کی جانب سے تیار خود کش بمبار خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلہ کو نشانہ بنانا جاہتی تھی اور گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا، سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کے نیٹ ورک کو پکڑنے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں چین کے اساتذہ کو لے جانے والی وین کو خودکش بمبار نے دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں تین چینی باشندے اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔
تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ خود کش بمبار شاری بلوچ نامی خاتون تھی، بم دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رہیں اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار افراد میں خودکش بمبار خاتون کے شوہر کے قریبی دوست بھی شامل ہیں۔

Back to top button