شائستہ لودھی کی طلاق کے پیچھے کیا وجہ تھی؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ اور ٹی وی میزبان شائستہ لودھی نے اپنے پہلے شوہر وقار سے طلاق کے حوالے سے کہا کہ کبھی حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ علیحدہ ہونا ہی بہتر ہوتا ہے۔
شائستہ لودھی حال ہی میں ایک رمضان پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے پہلے شوہر وقار سے علیحدگی اور ان کی وفات سے متعلق گفتگو کی۔
میزبان نے شائستہ سے سوال پوچھا کہ شائستہ واحدی سے شائستہ لودھی کا سفر کتنا مشکل تھا جو آپ نے اکیلے طے کیا۔ شائستہ لودھی نے اپنی پہلی طلاق کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں اس سفر کو ایک دوسرے نظریے سے دیکھتی ہوں میرے مطابق بہت پیارا سفر تھا۔ شائستہ لودھی نے کہا اپنے بسے بسائے گھر کو چھوڑنا کسی بھی عورت کےلیے آسان نہیں ہوتا۔ لیکن میں اس سفر کے بارے میں سوچتی ہوں کہ مجھے شادی کے 12 سالوں کے دوران بچے ملے اور میں نے اپنی شادی کے دوران زندگی کے اصل معنی سیکھے۔ شائستہ لودھی نے اپنی طلاق کے بارے میں کہا کہ کبھی کبھی دو اچھے لوگوں کے درمیان بھی چیزیں خراب ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے آپ رشتے کو مزید قائم نہیں رکھ سکتے۔ ہوسکتا ہے اس شادی کے دوران میں نے بھی غلطیاں کی ہوں اور تھوڑی غلطیاں سابق شوہر کی طرف سے بھی ہوئی ہوں لیکن جو رشتہ اچھے نوٹ پر ختم کیا جائے اس میں آپ کی بھی عزت ہوتی ہے اور سامنے والے کی بھی۔ شائستہ لودھی نے اپنے سابق شوہر وقار واحدی کو بہترین باپ قرار دیتے ہوئے کہا اس وقت میرے کچھ بیوقوف ساتھیوں نے مجھے مشورہ دیا کہ ٹی وی پر آکر سب بولو اور میں نے یہ کیا لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا اور کچھ عقلمند لوگوں نے مشورے دئیے کہ ہر چیز کے بارے میں ٹی وی پر بات نہیں کرنی چاہئے۔ کیوں کہ جب آپ ایک بات کہتے ہیں تو اس کی خود بخود سو باتیں بن جاتی ہیں جس کے بارے میں آپ کو بھی معلوم نہیں ہوتا۔ شائستہ لودھی نے مزید کہا جب آپ جوان ہوتے ہیں تو آپ کو سب کچھ صحیح لگ رہا ہوتا ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ آپ کو سمجھ آتا ہے اور اگر مجھے اس وقت عقل ہوتی تو میں سمجھ جاتی اس لیے میری بھی غلطیاں تھیں۔ شادی ایک بہت پیارا رشتہ ہے لیکن جب آپ کا شادی میں بالکل بھی گزارا نہ ہورہا ہو تو الگ بات ہے لیکن میں کہتی ہوں آپ کو بہت ساری چیزوں کو سمجھنا چاہئے۔
اپنے سابق شوہر وقار کی وفات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شائستہ لودھی نے بتایا کہ طلاق کے بعد ہم دونوں نے شادیاں کر لیں، بعدازاں وقار مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے اور ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئے۔ اداکارہ نے کہا کہ میرے اپنی سابق ساس کے ساتھ اب بھی بہت اچھے تعلقات ہیں اور میرے بچے اپنے دادا دادی کے ساتھ اچھا وقت بھی گزارتے ہیں، میری تین مائیں ہیں۔
واضح رہے کہ شائستہ لودھی نے 2015 میں عدنان لودھی سے دوسری شادی کی تھی۔ پہلی شادی سے ان کے تین بچے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button