شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی کی شادی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نئے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی عرف لالہ کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں، اقصیٰ آفریدی کی شادی نصیر ناصر نامی لڑکے سے طے پائی ہے۔ شاہد آفریدی اور ان کے اہل خانہ نے اقصیٰ آفریدی کی شادی کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کیں، البتہ جس ایونٹ کمپنی نے اقصیٰ آفریدی کی شادی کے انتظامات سنبھالے تھے، اس نے نکاح کی ویڈیوز شیئر کر دیں۔ اقصیٰ آفریدی کی شادی کی تقریبات کا آغاز 29 دسمبر کو ہوا تھا، جس کے بعد 30 دسمبر کی سہ پہر ان کا نکاح ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اقصیٰ آفریدی کی شادی نصیر ناصر نامی لڑکے سے ہوئی، جس سے متعلق آفریدی خاندان نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں، اقصیٰ آفریدی کی شادی کی تقریبات کو انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا، جس میں دونوں خاندان کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
نکاح کی ویڈیو سے نکاح خواں کی جانب سے سنا جا سکتا ہے کہ اقصیٰ آفریدی کا حق مہر 131 تولہ چاندی رکھا گیا، جس کی اس وقت مالیت 2 لاکھ 60 ہزار 952 روپے بنتی ہے، نکاح کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں کرکٹر شاہین آفریدی کو بھی دیکھا گیا، جن کی شادی آئندہ برس فروری میں شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی سے طے ہوچکی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی منگنی گزشتہ برس مارچ میں انشا آفریدی کے ساتھ ہوئی تھی، دونوں کی منگنی کے بعد ہی شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کے خاندان نے رشتے ہوجانے کی تصدیق کی تھی۔ منگنی کے بعد رواں برس جولائی میں شاہین آفریدی نے جلد شادی کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم کہا تھا کہ ابھی ان کی منگیتر تعلیم مکمل کر رہی ہیں جبکہ انہوں نے فی الحال کرکٹ پر توجہ دے رکھی ہے لیکن حال ہی میں دونوں خاندانوں کے ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ شاہین اور انشا آفریدی کا نکاح فروری 2023 میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کرکٹر کا نکاح پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن سے قبل ہوگا اور تمام تقریبات کراچی میں ہی ہوں گی لیکن رخصتی کچھ عرصے بعد ہوگی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ شاہین آفریدی کی شادی پی ایس ایل کے بعد رواں برس کے وسط میں ہوگی۔
