شاہد خاقان اقتصادی رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی کیوں ہوئے؟

آذربائیجان سے بین الحکومتی بنیادوں پر مائع قدرتی گیس ( ایل این جی) خریدنے پراختلافات کے باعث سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نےسرکاری کمپنی پی ایل ایل کے ذریعے آذربائیجان سے ایل این جی خریدنے کی مخالفت کی۔شاہد خاقان کا مؤقف تھا آذربائیجان سے ایل این جی کارگو پاکستان کی نجی کمپنی کے ذریعے خریدے جائیں۔پیٹرولیم ڈویژن نے شاہد خاقان عباسی کی ہدایت کے مطابق سمری تیار کرنے سے انکار کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کا دورہ کیا تھا اور ایل این جی کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا تھاکہ آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنےمیں تعاون کرےگا، آذربائجان پاکستان کی تیل و گیس کے شعبے میں مدد کرے گا۔
معاہدے کے مطابق آذر بائیجان ہر ماہ پاکستان کو رعایتی قیمت پر ایل این جی فراہم کرے گا۔
