اداکارہ مریم نور ایک دن کی وزیراعظم کیوں بننا چاہتی ہیں؟

پاکستانی اداکارہ مریم نور نے انکشاف کیا ہے کہ اگر انہیں وزیراعظم بننے کا موقع ملا تو پہلے وہ سارے مہنگے برانڈز خود خرید لیں گی، اور اگر انہیں اپنی زندگی تبدیل کرنے کا موقع ملا تو وہ سیاست دان بننا پسند کریں گی۔
مریم نور حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام ’حد کردی‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر اور شادی سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں، اداکارہ کے مطابق انہیں شوہر اسماعیل بٹ نے ہوائی سفر کے دوران 30 ہزار فٹ کی بلندی پر شادی کی پیش کش کی تھی۔
اداکارہ نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلی ہی پیش کش پر مان گئی تھیں، کیوں کہ وہ خود بھی ایسا ہی چاہ رہی تھیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی شوہر کے ساتھ اچھی کیمسٹری ہے اور ان کے درمیان کبھی کسی طرح کے کوئی اختلافات نہیں ہوئے، وہ سات سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔
اداکارہ نے تسلیم کیا کہ اگر لڑکے اور لڑکی کے درمیان کئی سال کا تعلق ہو پھر بھی شادی کے بعد دونوں کو ایڈجسٹ ہونے میں تھوڑا سا وقت لگتا ہے اور کچھ عادتیں اور چیزیں اپنانے یا چھوڑنے میں مشکل ضرور ہوتی ہیں۔
مریم نور کے مطابق ان کا اداکاری میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن انہیں اپنی بڑی بہن نے ایک آڈیشن کے لیے بھیج دیا جو انتہائی اچھا ہوا، جس کے بعد انہیں اداکاری کی پیش کش ہوئی۔
اداکاروں کو تاخیر سے معاوضہ ملنے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ معاوضہ ملنے میں دیر ضرور ہوجاتی ہے لیکن آج تک ان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا کہ انہیں معاوضۃ نہ ملا ہو، ان کے مطابق انہیں معاوضہ ملنے یا حاصل کرنے میں آج تک کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
پسندیدہ بالی وڈ اداکار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہیں شاہ رخ خان سب سے زیادہ پسند ہیں جب کہ انہیں ان کی ’سوادیس اور چک دے انڈیا‘ فلمیں بہت پسند ہیں، دونوں فلموں میں شاہ رخ خان بہت ہی سلجھے ہوئے تھے، اس لیے انہیں ان کی دونوں فلمیں سب سے زیادہ پسند ہیں۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں مریم نور نے بتایا کہ اگر انہیں ایک دن کا وزیراعظم بنایا گیا تو وہ سب سے پہلے مہنگے اور پرتعیش عالمی برانڈز کو خرید لیں گی، وہاں سے جوتے، پرس اور کپڑے لے لیں گی، ان کے مطابق انہوں نے یہ کام اپنے بڑے بزرگ سیاست دانوں سے سیکھا ہے۔
