کیمبرج نے منسوخ شدہ پرچوں کیلئے آپشنز کا اعلان کر دیا

سانحہ 9 مئی کے دوران تین دنوں کی چھٹیوں کے دوران منسوخ ہونے والے پرچوں کیلئے کیمبرج سسٹم نے طلبا کیلئے نئے آپشنز کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت وہ اب اپنے پرچے دینے کیلئے اہل ہوں گے۔
کیمبرج سسٹم کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے ایسے طلبہ جن کے پرچے 10، 11 اور 12 مئی کو منسوخ ہوئے تھے، کیمبرج انٹرنیشنل ایگزا مینیشنز نے ان کیلئے دو آپشنز کا اعلان کیا ہے جن میں سے ایک آپشن یہ ہے کہ تین تاریخوں پر جن طلبہ کے پرچے منسوخ کیے گئے تھے ان کے کیسز پر خصوصی نظرثانی کی جا سکتی ہے، دوسرے آپشن میں کہا گیا ہے کہ جن کے پرچے منسوخ ہوئے ہیں وہ امتحانی عمل سے دستبردار ہو سکتے ہیں اور اپنی فیس ری فنڈ کرا سکتے ہیں تاہم امتحان سے دستبردار اور فیس ری فنڈ کرانے والے امیدوار ان پرچوں کے حوالے سے مستقبل میں کسی بھی موقع پر امتحانی پرچوں کے کسی حصے یا حصوں کے حوالے سے مارکنگ کی درخواست نہیں دے سکیں گے۔
تاہم کیمبرج انٹرنیشنل نے آگاہ کیا ہے کہ جو امیدوار دوسرے آپشن کا انتخاب کریں گے وہ موجودہ امتحانی کورس ورک آئندہ امتحانات کے دوران استعمال نہیں کر پائیں گے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ جون 2023 میں امتحان سے دستبردار ہونے والے امیدوار آئندہ کسی بھی موقع پر دوبارہ امتحان میں شرکت کیلئے نئے کورس ورک کے مطابق امتحان دیں گے۔
اس کے ساتھ ہی کیمبرج انٹرنیشنل نے امیدواروں کو امتحان سے دستبردار نہ ہونے کا مشورہ بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ جون دو ہزار تئیس کے بعد اسکولز انتظامیہ موجودہ امتحان سے دستبردار ہونے والے طلبہ کو اگلے امتحانات کی تیاری میں معاونت نہیں کر پائیں گے۔
اس کی مثال اکتوبر/نومبر 2021 میں XIC کے امتحانات دینے والے A1 طلباء کی پیش کی گئی ہے۔ XC ا ور AS سطح کے امتحانات سے دستبردار ہونے والے طلبہ اگلے کلاس لیول کے تعلیمی سال کے وسط میں امتحان دینے میں رکاوٹ کا سامنا کر سکتے ہیں۔
مئی/جون 2023 سے دستبردار ہونے کے خواہشمند A2 طلباء کے لیے، ان کے AS گریڈز کو آگے نہیں بڑھایا جائے گا اور انہیں اکتوبر/نومبر 2023 میں اپنے جامع امتحانات میں بیٹھنا ہوگا، کیمبرج کی پاکستانی ڈائریکٹر عظمٰی یوسف نے جنگ کو بتایا کہ صرف اے لیول کے دو پرچے ریاضی اور تاریخ دوبارہ لیے جائیں گے جو 21 جون کو ہونگے جبکہ باقی پرچوں میں نمبر اوسط کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔
