بھارتی کامیڈین کپل شرما ’’وی لاگر‘‘ کیوں بن گئے؟

بھارتی سونی ٹی وی پر کامیڈی شو کے لیے کروڑوں روپے لینے والے معروف کامیڈین کپل شرما اچانک ’’وی لاگر‘‘ بن گئے اور اس کی حیران کن وجہ بتاتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے گھر کے خرچے پورے نہیں ہو پا رہے ہیں، اس لیے یہ قدم اٹھایا۔

کپل شرما نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپنا پہلا وی لاگ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو دن بھر کی مصروفیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ وہ کس وقت، کب گھر سے نکلتے ہیں اور دن بھر مصروف رہنے کے بعد کب فارغ ہو کر گھر لوٹتے ہیں۔

پہلے وی لاگ میں ’کپل شرما شو‘ کی شوٹنگ کا احوال بھی دکھایا گیا ہے، جس میں وکی کوشل اور سارہ علی خان بھی شامل تھیں، کپل نے ناظرین کو اپنے عملے سے متعارف کرایا، ان کی گپ شپ سے لگ رہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھتے ہیں۔

کپل شرما نے بتایا کہ وہ دوپہر 2 بجے گھر سے نکلتے ہیں اور فلم سٹی جانے سے قبل جم سے دن کا آغاز کرتے ہیں پھر شو کے سیٹ پر پہنچتے ہیں، شوٹنگ پر پہنچ کر انہیں پتا چلا کہ ان کے مہمان وکی کوشل اور سارہ علی خان بوجوہ تاخیر کا شکار ہیں۔ اس لیے کپل شرما نے اپنے ناظرین کو فلم سٹی کی سیر کروائی اور دکھایا کہ فلم سٹی ممبئی میں ہونے کے باوجود پُرسکون ہے، کیوں کہ یہاں وہی آتے ہیں جنہیں یہاں کام کرنا ہوتا ہے۔

کپل نے فلم سٹی میں موجود مشہور شو بگ باس، بگ باس ملیالم اور کچھ دیگر ٹیلی شوز کے سیٹ بھی مداحوں کو دکھائے۔ اپنے پرانے شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل شرما‘ کے سیٹ کی ایک جھلک بھی ناظرین کو دکھائی اور بتایا کہ 2013 میں ان کے سیٹ کو آگ لگ گئی تھی اور انہیں نئے اسٹوڈیو میں منتقل ہونا پڑا تھا۔ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ کے باعث 20 سے 22 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔

کپل نے اپنے مداحوں کو بیک اسٹیج پر ہونے والی سرگرمیاں بھی دکھائیں، جہاں انہوں نے وکی کوشل اور سارہ علی خان کا انتظار کرتے ہوئے ریہرسل میں مصروف دیگر کاسٹ سے بھی متعارف کرایا۔ مہمانوں کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے کپل نے اسٹوڈیو میں موجود شرکا کے لیے کئی گانے بھی سنائے اور انہیں محظوظ کیے رکھا تاکہ وہ بوریت کا شکار نہ ہوں۔

اداکار وکی کوشل اور سارہ علی خان اپنی آنے والی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ کی تشہیر کے لیے وہاں پہنچے تو ’کپل شرما شو ‘کی ریکارڈنگ شروع کردی گئی۔

Back to top button