شاہین شاہ آفریدی بوم بوم آفریدی کے داماد بن گئے

پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی سابق کپتان شاہد آفریدی کے داماد بن گئے ہیں، ان کی شادی شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا کے ساتھ انجام پائی ہے، دونوں کا نکاح جمعہ کے روز کراچی کی مقامی مسجد میں پڑھایا گیا، جہاں دونوں خاندانوں کے افراد بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نکاح کراچی میں سادگی سے پڑھایا گیا اور اس وقت مسجد میں شاہد آفریدی بھی موجود تھے۔

پاکستانی فاسٹ بولر کے نکاح کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے دوست اور پرستار انہیں مبارکباد دیتے رہے، قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’شاہین خان میری طرف سے آپ کو آپ کا نکاح بہت بہت مبارک ہو اور دعا کریں گے کہ اللہ آپ کی جوڑی کو پوری اُمت کی ہدایت کا ذریعہ بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی کی نکاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے جہاں وہ ’قبول ہے، قبول ہے، قبول ہے‘ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، حارث رؤف نے بھی اپنے دوست شاہین شاہ آفریدی کو نکاح کی مبارکباد دی اور کہا کہ میں آ تو نہیں سکوں گا کچھ پروفیشنل کمٹمنٹس کی وجہ سے لیکن میں جب واپس آؤں گا تو ہم خوشیاں منائیں گے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران۔

نکاح کی تقریب کے بعد دُلہا کی جانب سے مہمانوں کے لیے نجی ہوٹل میں عصرانے کا انتظام کیا گیا، جس میں قومی کپتان بابر اعظم، سابق ٹیسٹ کپتان معین خان، محمد حفیظ، سرفراز احمد، نسیم شاہ آل راونڈر شاداب خان، سابق عالمی اسکواش چیمپئین جہانگیر خان و دیگر نے بھی شرکت کی۔

دوسری جانب نکاح کی خوشی میں شاہد آفریدی کی جانب سے جمعہ کی شب مقامی کلب میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں ان کے عزیز و اقارب کے علاوہ قومی کرکٹرز اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

انشاء آفریدی کی رخصتی انکی تعلیم مکمل ہونے کے بعد عمل میں آئے گی، واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصیٰ کی شادی گزشتہ ماہ نصیر ناصر خان سے انجام پائی تھی۔

Back to top button