شاہین شاہ 3 فروری کو شاہد آفریدی کے داماد بن جائیں گے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے مداحوں کے لیے خوش خبری ہے کہ کرکٹر آئندہ برس ویلنٹائنزڈے سے قبل شاہد آفریدی کی بیٹی سے نکاح کر لیں گے۔ شاہین شاہ آفریدی کی منگنی گزشتہ برس مارچ میں سابق کرکٹر شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی کے ساتھ ہوئی تھی۔ دونوں کی منگنی کے بعد ہی شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کے خاندان نے رشتہ ہوجانے کی تصدیق کی تھی۔
منگنی کے بعد رواں برس جولائی میں شاہین آفریدی نے جلد شادی کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم کہا تھا کہ ابھی ان کی منگیتر تعلیم مکمل کر رہی ہیں جب کہ انہوں نے فی الحال کرکٹ پر توجہ دے رکھی ہے۔ لیکن اب دونوں خاندانوں کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شاہین اور انشا آفریدی کا نکاح فروری 2023 میں ہوگا۔شاہین آفریدی کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ کرکٹر اور انشا آفریدی کا نکاح ویلن ٹائنزڈے کے موقع پر 3 فروری کو کراچی میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کرکٹر کا نکاح پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن سے قبل ہوگا اور تمام تقریبات کراچی میں ہی ہوں گی۔ اگرچہ ذرائع نے فروری میں نکاح کرنے کی تصدیق کی، تاہم یہ بھی بتایا کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی کی رخصتی کچھ عرصے بعد ہوگی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ انشا آفریدی کی رخصتی پی ایس ایل کے بعد رواں برس کے وسط میں ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ یہ چہ مگوئیاں بھی جاری ہیں کہ انشا آفریدی کی شادی سے قبل شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصیٰ آفریدی کی شادی بھی ہو گی۔
