شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے جوان شہید

میران شاہ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چارسدہ کے رہائشی 32 سالہ نائیک زاہد احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا جس کی شناخت ضیا اللہ کے نام سے ہوئی اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل 12 جون کو بھی خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھی پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سپاہی شاہ زیب امتیاز نے بہادری سے لڑنے کے بعد جام شہادت نوش کیا، ان کی عمر 25 سال تھی اور وہ کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی تھی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے جن کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا، آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

Back to top button